کل 6 ذی الحجه کا دن تھا۔ کل پورے عالم اسلام میں حامیان انقلاب اسلامی اور دشمنان مشرکین نے اس دن کو بڑے جوش کے ساتھ منایا هو گا جس طرح که آپ پیروان امام خمینی نے بھی اسے شاندار طریقے سے منایا۔ سوال یه پیدا هوتا هے که یه دن کیوں منایا جاتا هے؟ آپ کو یاد هوگا که سال گزشته اسی دن خانه خدا کے تقدس کو پامال کیا گیا امن حرم الٰهی کو ختم کیا گیا۔ مهمانان خدا کو بے دردی سے قتل کیا گیا۔ حرم خدا میں مرده باد امریکه، مرده باد روس اور مرده باد اسرائیل کا نعره لگانے والوں پر گولیوں کی بوچھاڑ سے حمله کیا گیا۔ دیکھنا یه هے که آخر ان بے گناه زائرین خدا کا قصور کیا تھا؟









